بنگلورو27اپریل(ایس او نیوز) الیکشن افسر کے آئی ٹی اور پاس ورڈ کا غلط استعمال کرتے ہوئے فرضی ووٹرس فہرست تیار کرنے کے گروپ کو شہر کی پولیس نے بے نقاب کرتے ہوئے پانچ افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ ملزمین کی شناخت نوین کمار ، سچن، دیوراج ، سنجے کمار اور کری سدیشور کی حیثیت سے کی گئی ہے۔ بتایاجاتاہے کہ یہ ملزمین داسر ہلی اور یشونت پور اسمبلی حلقوں میں فرضی ووٹروں کی فہرست تیار کررہے تھے، ان لوگوں نے اس کے لئے دونوں حلقوں کے اسسٹنٹ ریٹرننگ افسر کے آئی ٹی اور پاس ورڈ کے ساتھ ناموں کے اندراج کے لئے استعمال میں آنے والی ڈیجٹل کی استعمال کررہے تھے۔فرضی شناختی کارڈ کی تیاری کے لئے ملزمین جو کمپیوٹر استعمال کررہے تھے اسے بھی پولیس نے ضبط کرلیاہے۔ داسر ہلی اور یشونت پور اسمبلی حلقے میں فہرست رائے دہندگان میں ناموں کے اندراج کے لئے استعمال ہونے والے فارم 6کی منظوری کے لئے درج کئے جانے والے پاس ورڈ کو فرضی طور پر استعمال کرتے ہوئے یہ لوگ حلقے سے باہر مقیم لوگوں کو حلقے کے ووٹروں کے طور پر درج کررہے تھے، اس سلسلے میں پتہ چلنے پر اے آر او نے پینیا پولیس تھانہ میں شکایت درج کرائی۔ معاملے کو کافی سنجیدگی سے لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر آف پولیس چیتن سنگھ راتھوڑ نے ملزمین کا پتہ لگانے پینیا پولیس تھانے اور سی سی بی پر مشتمل ایک خصوصی ٹیم تشکیل دی۔ خصوصی ٹیم نے سرکاری ویب سائٹ پر چوری سے داخلہ لے کر فرضی شناختی کارڈ اور فرضی ووٹر لسٹ تیار کرنے والے ملزمین کوگرفتار کرنے میں کامیابی حاصل کرلی۔ ان سے پوچھ تاچھ کی جارہی ہے کہ اب تک ان لوگوں نے ایسے کتنے نام فہرست رائے دہندگان میں شامل کئے ہیں۔ دوسری طرف الیکٹورل افسروں کو بھی متنبہ کیاگیا ہے کہ فہرست رائے دہندگان میں ناموں کے اندراج کے لئے انہیں دیاگیاپاس ورڈ اور دیگر تفصیلات کسی اور کے ساتھ نہ بانٹی جائیں۔